vosa.tv
Voice of South Asia!

 کیلیفورنیا میں پولیس کے چہروں پر ماسک پہننے پر پابندی کا بل منظور

0

کیلیفورنیا کی ریاستی اسمبلی نے ایک متنازعہ بل منظور کیا ہے جس کے تحت زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اہلکار سرکاری کارروائیوں کے دوران اپنے چہرے نہیں ڈھانپ سکیں گے۔

 یہ اقدام حالیہ دنوں میں لاس اینجلس میں ہونے والی امیگریشن کارروائیوں کے بعد سامنے آیا ہے جہاں وفاقی ایجنٹس نے ماسک پہن کر گرفتاریاں کیں، جس پر عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ڈیموکریٹک اکثریت والی اسمبلی نے اس بل کو جمعرات کو منظور کیا۔ بل کے تحت امیگریشن ایجنٹس سمیت تمام مقامی اور وفاقی اہلکاروں کو گردن ڈھانپنے والے کپڑے، اسکی ماسک اور دیگر فیس کورنگ کے استعمال سے روکا گیا ہے۔تاہم خفیہ مشنز، طبی ماسک یا خصوصی حفاظتی گیئر کے لیے رعایت دی گئی ہے۔ گورنر گیون نیوزم کے پاس اس قانون پر دستخط کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت ہے، مگر انہوں نے پہلے ہی اس بات پر شکوک ظاہر کیے ہیں کہ آیا ریاست کو وفاقی ایجنٹس پر یہ قانون لاگو کرنے کا اختیار حاصل ہے یا نہیں۔بل کے حامی اراکین نے کہا کہ عوام کو حق ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والوں کو واضح طور پر شناخت کر سکیں۔ اسمبلی ممبر جوان کاریلو نے کہا کہ "سوچیں اگر کوئی نقاب پوش مسلح افراد سڑک پر آپ کو روکیں تو کیا آپ کو یہ یقین ہوگا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار ہیں یا اغوا کار؟”دوسری جانب ریپبلکن سینیٹر کیلی سییارٹو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس قانون کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماسک پہننے پر پابندی سے اہلکاروں کی جانیں خطرے میں پڑ جائیں گی۔ وفاقی حکومت نے بھی اس پابندی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایجنٹس کو بڑھتی ہوئی عوامی مخالفت اور آن لائن ہراسانی کا سامنا ہے، اس لیے ماسک ان کی اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے ضروری ہیں۔یہ بل اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس پر عمل درآمد کی صورت میں وفاقی و ریاستی اداروں کے درمیان مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.