vosa.tv
Voice of South Asia!

 نیویارک میں آؤٹ آف اسکول پروگرام کے لیے نیا کمیشن قائم

0

 نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر میں یونیورسل آفٹر اسکول کمیشن قائم کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے ہیں۔

 یہ کمیشن کمیونٹی، غیر منافع بخش اداروں، کاروباری شعبے اور تعلیمی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر پالیسی مرتب کرے گا تاکہ ہر بچے کو معیاری اور پائیدار آفٹر اسکول پروگرام کی سہولت میسر آسکے۔میئر ایڈمز نے بتایا کہ یہ اقدام ان کے ’آفٹر اسکول فار آل‘ وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت 2027 تک 184,000 طلبہ کو اس سہولت تک رسائی دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سالانہ 755 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کے لیے آئی پیڈ کو "بے بی سٹر” بنانے کے بجائے حقیقی آفٹر اسکول مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔کمیشن کی سربراہی کوئنز پبلک لائبریری کے صدر ڈینس والکاٹ اور یونائیٹڈ وے آف نیو یارک سٹی کی صدر گریس بونیلا کریں گے۔ اس میں تعلیمی ماہرین، فلاحی تنظیموں اور کاروباری رہنماؤں سمیت کئی اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ کمیشن فنڈنگ، عملے کی تربیت، معیار کی بہتری اور محروم کمیونٹیز تک رسائی جیسے مسائل پر سفارشات تیار کرے گا۔حکام کے مطابق یہ پروگرام خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو اسکول کے بعد سیکھنے، کھیلنے اور محفوظ ماحول میں وقت گزارنے کے مواقع دے گا۔ ایڈمز انتظامیہ پہلے ہی چائلڈ کیئر اخراجات کو نمایاں طور پر کم کر چکی ہے اور اب اس اقدام کو خاندانی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.