vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک فیری سروس کا نیا ریکارڈ، 1 ماہ میں مسافر 10 لاکھ سے تجاوز 

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز اور نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NYCEDC) کے سربراہ اینڈریو کمبل نے انکشاف کیا ہے کہ نیویارک فیری سسٹم نے اس سال موسمِ گرما میں مسافروں کی تعداد کے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NYCEDC) کی رپورٹ کے مطابق اگست 2025 میں ایک ہی ماہ کے دوران 10 لاکھ 14 ہزار سے زائد مسافر فیری پر سوار ہوئے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ماہ میں سواریاں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔ اسی ماہ ایک ہفتے میں 2 لاکھ 40 ہزار اور ایک دن میں 52 ہزار 923 بورڈنگز بھی ریکارڈ ہوئیں۔میئر ایڈمز نے کہا کہ فیری اب شہر کی زندگی کا لازمی حصہ بن چکی ہے جو پانچوں بورو کو جوڑتے ہوئے شہریوں کو آسان اور سستا سفر فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے سب سے زیادہ ملازمتیں ہوں یا چھوٹے کاروباروں میں اضافہ، اعداد و شمار یہ ثابت کرتے ہیں کہ نیویارک پہلے سے زیادہ بہتر ہو رہا ہے۔اینڈریو کمبل نے کہا کہ ریکارڈ توڑ مسافروں کی تعداد اس بات کی علامت ہیں کہ فیری نیویارک والوں کے لیے کتنی اہم اور مقبول ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق مستقبل میں نظام کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے روٹس کی بہتری، عوامی تجاویز اور نئی سہولتیں متعارف کرائی جائیں گی۔ صرف رواں موسمِ گرما میں ہی 15 ہزار سے زیادہ شہریوں نے تجاویز پیش کیں جن کی بنیاد پر نیا منصوبہ اسی سال کے آخر میں متعارف کرایا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق فیری کے خصوصی روٹس راک اوے راکٹ اور راک اوے ریزرو نے بھی مسافروں کو سہولت فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ صرف راکٹ سروس نے 17 ہزار ٹکٹ فروخت کیے اور دو لاکھ ڈالر سے زائد کی اضافی آمدنی حاصل کی، جبکہ ریزرو کے ذریعے 30 ہزار نشستیں بک ہوئیں۔ مجموعی طور پر فیری نیٹ ورک 70 ناٹیکل میل پر پھیلا ہوا ہے، جس میں 38 کشتیاں، چھ روٹس اور 25 لینڈنگ پوائنٹس شامل ہیں، اور یہ امریکا کا سب سے بڑا مسافر بردار فیری سسٹم قرار دیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.