vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: امیگریشن حکام کا چھاپہ، 57 غیر قانونی تارکین وطن زیر حراست 

0

نیویارک(ویب ڈیسک) اپ اسٹیٹ نیویارک کے علاقے کیٹو میں فیڈرل امیگریشن حکام نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسنیک بار بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے، جہاں سے 57 غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لے لیا گیا۔

امریکی اٹارنی برائے نادرن ڈسٹرکٹ آف نیویارک، جان سارکون نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان گرفتار افراد میں سے پانچ پر دوبارہ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جبکہ باقی باون افراد کو امیگریشن قوانین کے تحت ڈی پورٹیشن کی کارروائی کے لیے حراست میں رکھا گیا ہے۔رورل اینڈ مائیگرینٹ منسٹری کے مطابق زیادہ تر گرفتار افراد کا تعلق گوئٹے مالا سے ہے۔ یہ چھاپہ گزشتہ جمعرات کو مارا گیا، اور اسی دن جارجیا میں ہنڈائی آٹو پلانٹ پر بھی فیڈرل حکام نے ایک بڑی کارروائی میں چار سو پچھتر افراد کو حراست میں لیا تھا۔جان سارکون نے واضح کیا کہ ایسے مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی جو غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم افراد کو ملازمت فراہم کرتے ہیں۔ ان کے بقول اب وہ دن ختم ہو گئے ہیں جب قوانین کی خلاف ورزی کو نظر انداز کر دیا جاتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بڑے پیمانے پر مزید چھاپے متوقع ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق فیکٹری پر چھاپے کے دوران ایجنٹس نے تمام مزدوروں کو ایک کمرے میں جمع کر کے قانونی کاغذات طلب کیے، اور بعد میں گرفتار افراد کو بارڈر پیٹرول کی وین میں لے جایا گیا۔ دوسری جانب فیکٹری مالکان کا موقف ہے کہ ان کے تمام ملازمین کے کاغذات قانونی تھے اور انہیں چھاپے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔واقعے پر گورنر کیتھی ہوکل نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کی گرفتاری کے بعد درجنوں بچے اسکول سے واپس آ کر خالی گھروں کا سامنا کر سکتے ہیں۔ تاہم فیڈرل حکام نے وضاحت دی کہ اس کارروائی میں سوشل سروس ایجنسیاں شامل تھیں اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی بچے کو والدین کے بغیر گھر واپس نہ جانا پڑے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.