امریکی محکمہ انصاف اور فیڈرل ٹریڈ کمیشن (FTC) نے اعلان کیا ہے کہ ایک وفاقی عدالت نے آن لائن مارکیٹ پلیس ٹیمو (Temu) کے خلاف دائر کیس کا تصفیہ منظور کر لیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت ٹیمو پر 20 لاکھ ڈالر کا سول جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور آئندہ کے لیے سخت ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔حکومتی شکایت کے مطابق ٹیمو نے INFORM Consumers Act کی خلاف ورزی کی، جس کے تحت آن لائن مارکیٹ پلیسز کو اپنے پلیٹ فارم پر بڑے پیمانے پر فروخت کرنے والے سیلرز کی مکمل اور واضح معلومات فراہم کرنا لازمی ہے، جیسے کہ سیلر کا پتہ، اور صارفین کے لیے شکایات درج کرانے کے الیکٹرانک و ٹیلی فونک ذرائع فراہم کرنا۔ عدالت میں جمع کرائی گئی شکایت کے مطابق ٹیمو نے یہ معلومات واضح طور پر فراہم نہیں کیں اور رپورٹنگ کے ذرائع بھی مستقل بنیاد پر مہیا نہیں کیے۔محکمہ انصاف کے عہدیدار بریٹ اے. شوماٹے نے کہا کہ حکومت امریکی صارفین کو آن لائن فروخت کنندگان کے بارے میں مکمل معلومات دینے اور مشکوک سرگرمیوں کی رپورٹ کے ذرائع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام آن لائن مارکیٹ پلیسز اس قانون پر سختی سے عمل کریں۔عدالتی حکم کے تحت ٹیمو کو نہ صرف 20 لاکھ ڈالر ادا کرنا ہوں گے بلکہ آئندہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ وہ مکمل طور پر INFORM Consumers Act کی شرائط پر عمل کرے۔یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی حکام صارفین کے تحفظ کے معاملے میں آن لائن کمپنیوں پر مزید سخت نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ خریداروں کو شفاف اور محفوظ خریداری کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔