vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: طلبہ کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار مفت کروم بکس کی تقسیم

0

نیویارک(ویب ڈیسک) میئر ایرک ایڈمز نے اعلان کیا ہے کہ نیویارک سٹی کے پبلک اسکولوں کے 3 لاکھ 50 ہزار طلبہ کو بالکل نئے کروم بکس مفت فراہم کیے جائیں گے۔ 

 یہ اقدام تعلیمی کامیابی کو یقینی بنانے، ڈیجیٹل خلیج ختم کرنے اور والدین پر بوجھ کم کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ ان ڈیوائسز میں LTE اور 5G کنیکٹیویٹی شامل ہوگی، تاکہ طلبہ جہاں بھی ہوں آن لائن رہ سکیں۔اس منصوبے کے تحت شہر کے پانچوں بورو میں موجود 1700 سے زائد اسکولوں کے طلبہ کو 2025-2026 تعلیمی سال کے دوران مرحلہ وار یہ ڈیوائسز ملیں گی۔ یہ پروگرام پرانے اور ناقص نظام والے آلات کو بدل کر طلبہ کو وہ سہولت فراہم کرے گا جو تحقیق، تحریر اور اسائنمنٹس مکمل کرنے کے لیے ضروری ہے۔ کروم بکس میں گوگل ورک اسپیس، ٹیچ ہب اور آئی لرن این وائی سی جیسے تعلیمی پلیٹ فارمز پہلے سے انسٹال ہوں گے، تاکہ کلاس روم اور گھر دونوں جگہ تعلیمی عمل جاری رہ سکے۔میئر ایڈمز کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی بنیادی ضرورت ہے، لیکن کئی خاندان مالی مسائل کی وجہ سے یہ سہولت حاصل نہیں کر پاتے۔ ان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنائے گا بلکہ شہریوں کے ٹیکس کے پیسے کی بچت بھی کرے گا۔ چیف ٹیکنالوجی آفیسر میتھیو فریزر اور اسکول چانسلر میلیسا اویلس-راموس نے بھی اس منصوبے کو تعلیمی مساوات کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ٹی موبائل اور ڈیل ٹیکنالوجیز نے اس منصوبے میں تعاون کیا ہے۔ ٹی موبائل کے ذریعے فراہم کی جانے والی کنیکٹیویٹی سے طلبہ گھروں میں بھی مفت انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے۔ ڈیل کے نمائندوں کے مطابق یہ صرف لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا منصوبہ نہیں بلکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے، تجسس کو بڑھانے اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے کی کوشش ہے۔یہ اعلان ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب شہر نے حال ہی میں پبلک اسکولوں کے طلبہ کی پڑھائی اور ریاضی کے نتائج میں نمایاں بہتری نوٹ کی ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے ہم اپنے بچوں کے لیے ایک بہتر مستقبل تشکیل دے رہے ہیں، تاکہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.