vosa.tv
Voice of South Asia!

بروکلین: پولیس فائرنگ، اہلکار پر چاقو سے حملہ کرنے والا شخص ہلاک

0

بروکلین کے علاقے براؤنزویل میں خاتون پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کرنے والا شخص پولیس فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

حکام کے مطابق واقعہ صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ایسٹ نیویارک ایونیو اور ایمبوائے اسٹریٹ کے قریب پیش آیا۔پولیس کے مطابق 35 سالہ شخص ایک قریبی پولیس اسٹیشن کے پچھلے دروازے سے داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ خاتون افسر نے اسے روکا۔ اسی دوران اس نے بڑا چاقو نکال کر افسر کے چہرے پر وار کیا۔ افسر نے مقابلہ کیا اور حملہ آور اسٹیشن سے باہر بھاگ نکلا۔ پولیس نے ٹیزر گن استعمال کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ مؤثر ثابت نہ ہوئی۔نائی وائی پی ڈی چیف آف پیٹرول فلپ ریویرا کے مطابق حملہ اور ٹیزر کا واقعہ اسٹیشن کے اندر اور باہر لگے کیمروں میں ریکارڈ ہوگیا۔ بعد ازاں متعدد پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کا پیچھا کیا اور بار بار اسے ہتھیار پھینکنے کا حکم دیا، مگر اس نے ایک افسر پر دوبارہ جھپٹنے کی کوشش کی۔ اسی دوران پولیس نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔حملہ آور کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ زخمی خاتون افسر کی حالت مستحکم ہے جبکہ دو دیگر افسران کو فائرنگ کے شور سے کانوں میں تکلیف کی شکایت ہوئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تقریباً 14 انچ لمبا قصائی کا چاقو برآمد کیا ہے۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.