vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکہ میں ای بی-2 ویزا کیٹیگری 30 ستمبر تک کے لیے بند

0

امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2025 کے لیے ای بی-2 امیگرنٹ ویزا کیٹیگری اپنی سالانہ حد پوری ہونے کے بعد فوری طور پر بند کردیا گیا ہے اور یہ پابندی 30 ستمبر تک برقرار رہے گی۔

 اس فیصلے کے بعد نہ صرف امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے اس ویزا کے تحت امیگرنٹ ویزے جاری کر سکیں گے اور نہ ہی یو ایس سی آئی ایس (امریکہ کی امیگریشن سروس) کسی ای بی-2 ایڈجسٹمنٹ آف اسٹیٹس کیس کو منظور کر سکے گا۔محکمہ خارجہ کے مطابق، اگرچہ نئے ویزوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، لیکن یو ایس سی آئی ایس ان درخواستوں کو قبول کرتا رہے گا جو ستمبر کے ویزا بلیٹن کے مطابق اہل یا "کرنٹ” ہیں۔ تاہم ان درخواستوں پر حتمی فیصلہ اور منظوری یکم اکتوبر کے بعد ہی دی جا سکے گی، جب مالی سال 2026 شروع ہوگا اور نئے کوٹے بحال ہوں گے۔ای بی-2 ویزا کیٹیگری خاص طور پر ان افراد کے لیے ہے جو اعلیٰ تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ مہارت یا ملک کے لیے کسی طرح کا نمایاں کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ دنیا بھر سے ہزاروں درخواست دہندگان اس ویزا کے تحت امریکہ میں مستقل رہائش کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ لیکن اب ان سب کو کم از کم 30 ستمبر تک انتظار کرنا پڑے گا۔امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ستمبر ویزا بلیٹن میں پہلے ہی یہ انتباہ جاری کیا تھا کہ بڑھتی ہوئی طلب اور زیادہ استعمال کی وجہ سے زیادہ تر ایمپلائمنٹ بیسڈ ویزا کیٹیگریز کے کوٹے اگست یا ستمبر تک ختم ہو سکتے ہیں۔ بالآخر ای بی-2 کیٹیگری کے لیے یہی خدشہ درست ثابت ہوا اور سالانہ حد پوری ہوگئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ہزاروں درخواست دہندگان کے لیے غیر یقینی پیدا کرتی ہے، کیونکہ بہت سے لوگ پہلے ہی اپنی فائلنگ مکمل کرچکے ہیں اور اب منظوری کے منتظر ہیں۔ تاہم اکتوبر میں نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی یہ پابندی ختم ہوجائے گی اور درخواستوں پر کارروائی دوبارہ شروع کردی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.