لانگ آئی لینڈ میں 15 ہزار نئے گھروں کی منظوری
نیویارک سٹی پلاننگ کمیشن نے لانگ آئی لینڈ سٹی (کویٕنز) کے ون ایل آئی سی نیبرہُڈ پلان کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت تقریباً 14,700 نئے گھروں اور 14,400 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس منصوبے میں 4,300 مستقل طور پر کم آمدنی والے افراد کے لیے قابلِ برداشت گھر شامل ہیں، جبکہ 3.5 ملین اسکوائر فٹ کمرشل اور صنعتی جگہ بھی بنائی جائے گی۔میئر ایرک ایڈمز نے اسے شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا رہائشی ری زوننگ منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "ون ایل آئی سی منصوبہ لانگ آئی لینڈ سٹی کے لیے ایک نئے باب کی شروعات ہے، جہاں خاندانوں کو سستا گھر، کاروبار کو ترقی کے مواقع اور عوام کو ساحل تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔” ڈپٹی میئر آڈولفو کیرین نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف رہائش نہیں بلکہ مقامی سرمایہ کاری اور بنیادی سہولتوں کو بھی فروغ دے گا۔منصوبے کے تحت پہلی بار اس علاقے میں مینڈیٹری انکلوژنری ہاؤسنگ (MIH) کا اطلاق ہوگا، جس سے تقریباً 10 ہزار نیویارکرز کو مستقل رہائش ملے گی۔ اس کے علاوہ سٹی کی ملکیتی جگہوں پر بھی کم آمدنی والے گھروں کی تعمیر ہوگی، جیسے 45 ویں ایونیو پر 320 یونٹس کا منصوبہ۔اس پلان میں واٹر فرنٹ کی بحالی اور عوامی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے نئی زوننگ اور سہولیات شامل ہیں۔ گینٹری پلازا اسٹیٹ پارک سے لے کر کوئینز برج پارک تک ساحل کو عوام کے لیے قابلِ رسائی بنایا جائے گا۔ ساتھ ہی کمرشل و انڈسٹریل جگہ میں اضافے سے ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔یہ منصوبہ کوئینز کے بورڈز اور صدر کی مثبت سفارشات کے بعد اب سٹی کونسل میں حتمی منظوری کے لیے پیش ہوگا۔ میئر ایڈمز کے مطابق ان کی انتظامیہ اب تک 426,000 سے زائد گھروں کی تعمیر، بحالی یا منصوبہ بندی کر چکی ہے اور "سٹی آف یَس” پروگرام کے تحت آئندہ برسوں میں مزید 80,000 گھروں کی تعمیر ہوگی۔