نیویارک(رپورٹ: ثمرین حسین) لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام منعقدہ لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ ٹی 20 کپ میں میری پیری پنجاب نے میدان مار لیا۔
لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کرکٹ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ ٹی 20 کپ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں مقامی ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد لیبر ڈے ویک اینڈ پر کیا گیا، جس میں بہترین ٹیموں نے شرکت کی۔اس موقع پر لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کرکٹ کلب کے فاؤنڈر ممبر عاصم ملک کا کہنا تھا کہ ہر سال اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد مقامی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا اور لڑکوں کو فزیکل ایکٹیوٹیز سے جوڑے رکھنا ہے۔ایونٹ کے فائنل میں مدعو کئے گئے مہمانِ خصوصی نیو یارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور اس طرح کے ایونٹس کو کمیونٹی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔اس موقع پر لانگ آئی لینڈ یونائٹڈ کرکٹ کلب کے مینیجر عاصم خضر نے منتظمین کا تعارف کرواتے ہوئے ایونٹ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا، لانگ آئی لینڈ کرکٹ کلب کے فاؤنڈنگ ممبر بابر ضیاء کا کہنا تھا کہ کلب گزشتہ پچیس سالوں سے نیو یارک لانگ آئی لینڈ میں کرکٹ ایونٹس منعقد کروا رہا ہے اور ہم اس کلب کے زریعے کمیونٹی کے نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کر کے صحت افزاءسرگرمی کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں۔لانگ آئی لینڈ یونائٹڈ کرکٹ کلب کے کپتان کا کہنا تھا ایسے ایونٹس نہ صرف مقامی کمیونٹیز میں کرکٹ کے فروغ کا باعث بنتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مثبت اثرات سے مستفید ہونے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔میچ کے شرکاء اور دیگر اراکین نے ملک عاصم اور کلب کی اس قابلِ قدر کوشش کو خراجِ تحسین پیش کیا۔فائنل میں میری پیری پنجاب نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جبکہ گجرات اسٹالینز دوسرے نمبر پر رہی۔فاتح ٹیم میری پیری پنجاب کو سات ہزار ڈالر نقد انعام اور ٹرافی سے نوازا گیا۔جیتنے والی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو میڈلز سے بھی نوازا گیا۔رنر اپ ٹیم گجرات اسٹالینز کو ڈھائی ہزار ڈالر اور ٹرافی دی گئی۔تقریب میں تمام اسپانسرز کو بھی خصوصی ایوارڈز پیش کیے گئے۔ لانگ آئی لینڈ میں منعقدہ یہ ایونٹ مقامی کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوا اور شائقین کرکٹ کو شاندار تفریح فراہم کی۔