ٹرمپ دور میں غیر ملکی سیاحت میں کمی
امریکہ میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد مسلسل کم ہو رہی ہے، ماہرین نے اس کی بڑی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت پالیسیوں اور بیانات کو قرار دیا ہے۔
حالیہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد کم رہی۔ پچھلے چھ میں سے پانچ مہینوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں، تجارتی جنگوں اور غیر ملکی طلبہ پر تنقیدی بیانات نے کئی ملکوں کے شہریوں کو سفر سے گریز پر مجبور کیا ہے۔ کینیڈا سے امریکہ آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ایک چوتھائی کمی ہوئی ہے جبکہ چین سے آنے والے سیاح تقریباً 14 فیصد کم ہوئے ہیں۔ بھارت سے بھی 5.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ٹرمپ انتظامیہ نے دوبارہ سفری پابندیوں اور ویزا سختیوں کا آغاز کیا ہے، جب کہ یکم اکتوبر سے 250 ڈالر کا اضافی "ویزا انٹیگریٹی فیس” بھی لاگو ہوگی، جس سے کئی ملکوں کے شہریوں کے لیے اخراجات بڑھ جائیں گے۔ عالمی سیاحت کونسل کے مطابق رواں سال غیر ملکی سیاحوں کی امریکہ میں خرچ کی جانے والی رقم 169 ارب ڈالر تک گر سکتی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں واضح کمی ہے۔