
امریکہ میں درآمدی دھوکہ دہی کے خلاف نئی ٹاسک فورس قائم
امریکی محکمہ انصاف اور محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے درآمدی دھوکہ دہی (ٹریڈ فراڈ) کے خلاف مشترکہ ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔
اس فورس کا مقصد ان درآمد کنندگان اور دیگر فریقین کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے جو محصولات اور ڈیوٹیز سے بچنے یا ممنوعہ سامان امریکہ میں اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی "امریکہ فرسٹ ٹریڈ پالیسی” کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد امریکی صنعت، زراعت اور ملازمتوں کا تحفظ کرنا ہے۔ ٹاسک فورس جعلی درآمدات اور کسٹمز قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شہری اور فوجداری کارروائیاں کرے گی۔حکام کے مطابق تجارتی فراڈ نہ صرف قومی آمدنی کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ امریکی صنعتوں کو کمزور اور روزگار کے مواقع کو متاثر کرتا ہے۔ ٹاسک فورس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گی۔امریکی حکام نے مقامی صنعتوں اور شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک درآمدات اور دھوکہ دہی کی اطلاع دیں تاکہ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔