امریکی محکمہ انصاف اور نارتھ کیرولائنا کا قیدیوں کے لیے نیا معاہدہ
امریکی محکمہ انصاف نے نارتھ کیرولائنا ڈیپارٹمنٹ آف ایڈلٹ کریکشنز (NCDAC) کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے تاکہ ایسے قیدی جنہیں سننے میں دشواری ہے، انہیں بہتر رابطے اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس محکمے کے زیر انتظام 50 سے زائد جیلیں ہیں جن میں 30 ہزار سے زیادہ افراد قید ہیں۔شکایات کے بعد سامنے آیا کہ سماعتی معذوری کے شکار قیدیوں کو اشاروں کی زبان کے ماہرین، ہیئرنگ ایڈز، کوکلئیر امپلانٹس، ویڈیو فون اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی تھیں۔ معاہدے کے تحت اب ایسے تمام افراد کی نشاندہی کر کے انہیں مناسب سہولیات دی جائیں گی جبکہ عملے کو امریکی معذوروں کے حقوق کے قانون (ADA) پر تربیت بھی دی جائے گی۔محکمہ انصاف کے سول رائٹس ڈویژن کی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ہرمیت ڈھلوں نے کہا کہ "ADA کا تقاضا ہے کہ سماعتی معذوری کے شکار قیدیوں کو مذہبی اور پیشہ ورانہ پروگراموں سمیت تمام سہولیات تک مؤثر رسائی دی جائے۔”