vosa.tv
Voice of South Asia!

منیاپولس: اسکول میں فائرنگ، 2 بچے جاں بحق، 17 زخمی

0

امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس میں کیتھولک اسکول میں فائرنگ کے اندوہناک واقعے میں آٹھ اور دس سالہ دو بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔

منیاپولس پولیس چیف برائن اوہارا کے مطابق یہ واقعہ ایننسی ایشن کیتھولک اسکول کی چرچ میں اس وقت پیش آیا جب صبح کی عبادت جاری تھی۔ زخمیوں میں 14 بچے شامل ہیں جن کی عمریں 6 سے 15 سال کے درمیان ہیں، جبکہ تین زخمی بزرگ افراد کی عمریں 80 سال سے زائد ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس نے بتایا کہ حملہ آور نے چرچ کی کھڑکیوں کے ذریعے اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملہ آور کی شناخت 23 سالہ رابن ویسٹ مین کے نام سے ہوئی ہے، جس نے فائرنگ کے بعد چرچ کے اندر خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور کے پاس رائفل، شاٹ گن اور پستول موجود تھیں، جو تمام قانونی طور پر خریدی گئی تھیں۔ جائے وقوعہ سے ایک ممکنہ اسموک بم بھی برآمد کیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق گولیاں چلتے ہی اسکول عملے نے فوری طور پر طلبہ کو بینچوں کے نیچے چھپنے کی ہدایت دی اور پھر موقع ملتے ہی تمام بچوں کو چرچ سے باہر نکال لیا۔ پولیس چیف نے اسکول عملے کو "ہیرو” قرار دیا۔واقعے کے بعد منیاپولس میں متعدد مقامات پر شمعیں روشن کرکے مرنے والے بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شہر کے میئر جیکب فری نے اس واقعے کو معصوم بچوں اور عبادت گزاروں کے خلاف بزدلانہ حملہ قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.