نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے اس سال ویسٹ نائل وائرس کے پہلے چار انسانی کیسز کی تصدیق کی ہے۔
محکمہ کے مطابق کوئنز کے دو رہائشی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ایک مریض کو قلیل مدت کے لیے اسپتال میں داخل کرنے کے بعد فارغ کر دیا گیا، جبکہ دوسرا مریض دماغی انفیکشن کے باعث اب بھی زیرِ علاج ہے۔مزید یہ کہ خون کے عطیات کے دوران بھی دو افراد میں وائرس کی موجودگی پائی گئی، جن میں سے ایک بروکلین اور دوسرا اسٹیٹن آئی لینڈ کا رہائشی ہے۔ جولائی سے اب تک شہر کے پانچوں بروز میں مچھروں کے نمونوں میں بھی وائرس کی موجودگی دیکھی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق یہ وائرس مئی سے اکتوبر تک زیادہ فعال رہتا ہے جبکہ اگست اور ستمبر اس کی بلند ترین سرگرمی کے مہینے ہوتے ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر متاثرہ افراد میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں، لیکن یہ بیماری 55 سال سے زائد عمر کے افراد یا کمزور مدافعتی نظام رکھنے والوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ عام علامات میں بخار، سر درد اور قے شامل ہیں۔ہیلتھ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ مچھر سے بچاؤ کے اسپرے استعمال کریں، کھڑکیوں پر جالی لگائیں، کھڑے پانی کو ختم کریں اور سوئمنگ پولز کو صاف رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔