امریکہ میں مقیم امیر تارکینِ وطن کی فہرست جاری
امریکی میگزین فوربز نے امریکہ میں مقیم سب سے امیر تارکینِ وطن کی فہرست جاری کی ہے، جس کے مطابق امریکہ اور دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں سے 3 تارکینِ وطن ہیں۔
فہرست کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے امریکہ آ کر نہ صرف کاروباری سلطنتیں قائم کیں بلکہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں بھی شامل ہو گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فوربز کے مطابق امریکہ اور دنیا کے دس امیر ترین افراد میں سے تین تارکینِ وطن ہیں۔فوربز کی 7 جولائی 2025 کی فہرست کے مطابق، جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ایلون مسک امریکہ کے سب سے امیر تارکِ وطن ہیں جن کے اثاثے 393.1 ارب ڈالر ہیں۔ روس سے تعلق رکھنے والے سرگئی برن، گوگل کے بانیوں میں سے ایک، 139.7 ارب ڈالر کے مالک ہیں، جبکہ تائیوان میں پیدا ہونے والے جین سن ہوانگ، جو Nvidia کے بانی اور سی ای او ہیں، کی دولت 137.9 ارب ڈالر ہے۔فہرست میں شامل دیگر نمایاں ناموں میں ہنگری سے تعلق رکھنے والے تھامس پیٹرَفی (67.9 ارب ڈالر)، اسرائیل کے عیتا ایڈلسن (33.4 ارب ڈالر)، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک (24 ارب ڈالر) اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے پیٹر تھیل (21.8 ارب ڈالر) شامل ہیں، جو پے پال کے شریک بانی کے طور پر مشہور ہیں۔اس کے علاوہ، بھارتی نژاد ٹیکنالوجی انٹرپرینیور جے چوہدری (17.9 ارب ڈالر)، اور یوکرین سے امریکہ منتقل ہونے والے جان کوم (16.9 ارب ڈالر)، جو واٹس ایپ کے بانی ہیں، بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ فہرست اس بات کی عکاس ہے کہ امریکہ دنیا بھر کے مہاجرین کے لیے کاروباری مواقع اور مالی کامیابی کی سرزمین سمجھا جاتا ہے۔