vosa.tv
Voice of South Asia!

یورپی رہنماؤں کی وائٹ ہاؤس میں زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کی تصدیق

0

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے، جس میں یورپی رہنماؤں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

زیلنسکی نے ہفتے کے روز کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جنگ بندی سے مسلسل انکار امن معاہدے کی کوششوں کو ’’پیچیدہ‘‘ بنا رہا ہے۔الاسکا میں جمعے کے روز ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات میں یوکرینی نمائندوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ اجلاس کے بعد روس نے مطالبہ کیا کہ یوکرین مشرقی دونیتسک کے متنازع علاقے کو مکمل طور پر روس کے حوالے کرے، تاکہ جنگ ختم کی جا سکے۔ زیلنسکی نے کہا کہ روس بار بار جنگ بندی کی اپیل کو رد کر رہا ہے اور قتل و غارت روکنے سے انکاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر وہ حملے روکنے کا ایک سادہ حکم ماننے کو تیار نہیں تو امن قائم کرنا اور بھی مشکل ہوگا۔‘‘ یوکرین کے صدر نے خبردار کیا کہ جیسے جیسے مذاکرات آگے بڑھیں گے روسی فوج دباؤ بڑھانے کے لیے حملے تیز کر سکتی ہے۔پیر کے اجلاس میں یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیر لاین، جرمن چانسلر فریڈرش مرز، نیٹو سیکرٹری جنرل مارک رُتے اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر بھی شریک ہوں گے۔ مذاکرات میں سلامتی کی ضمانتیں، علاقائی مسائل اور روس کے خلاف پابندیوں سمیت یوکرین کی مسلسل حمایت پر بات کی جائے گی۔ اسی دوران، یوکرین کی فضائیہ نے بتایا کہ اتوار کی صبح روس نے 60 ڈرون اور ایک میزائل داغا جن میں سے 40 کو مار گرایا گیا جبکہ 20 ڈرون مختلف مقامات پر گرے۔ دوسری جانب ماسکو نے دعویٰ کیا کہ اس نے 52 یوکرینی ڈرون تباہ کیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.