نیویارک: 12 ہزار نئے گھروں اور 7 ہزار نوکریوں کا اعلان
نیویارک سٹی پلاننگ کمیشن نے جمیکا نیبرہوڈ پلان کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے سے 7 ہزار نئی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ جبکہ 12 ہزار سے زائد نئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
میئر ایڈمز نے نیویارک سٹی پلاننگ کمیشن کی جانب سے جمیکا نیبرہوڈ پلان کی منظوری کو شہر کی رہائشی اور معاشی ترقی کی تاریخ میں ایک بڑا سنگ میل قرار دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 230 بلاکس پر محیط ٹرانزٹ سے جڑے اس علاقے میں 12 ہزار سے زائد نئے مکانات تعمیر کیے جائیں گے، جن میں تقریباً 4 ہزار مستقل طور پر کم آمدنی والوں کے لیے مختص ہوں گے، جو شہر کا سب سے بڑا مینڈیٹری انکلوزنری ہاؤسنگ زون ہوگا۔ اس کے علاوہ منصوبہ 7 ہزار نئی نوکریوں کے مواقع پیدا کرے گا اور 300 ملین ڈالر سے زیادہ سیوریج اور عوامی سہولیات میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔میئر ایڈمز نے کہا کہ جمیکا اپنی ثقافت، کھانوں اور موسیقی کی بدولت شہر کا ایک قیمتی اثاثہ ہے، مگر پرانی زوننگ پالیسیوں نے نئے گھروں اور کاروباروں کی ترقی میں رکاوٹ ڈالی۔ یہ منصوبہ اس صورتحال کو بدل دے گا اور ورکنگ کلاس خاندانوں کو اپنے پسندیدہ شہر میں رہنے کا موقع فراہم کرے گا۔ڈائریکٹر سٹی پلاننگ اور چیئرمین کمیشن ڈین گیروڈنک کے مطابق، جمیکا کا مرکزی مقام اور بہترین ٹرانزٹ رسائی اسے معاشی ترقی اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے موزوں بناتی ہے۔منصوبے کے تحت ڈاؤن ٹاؤن کور، ٹرانزٹ کوریڈورز، ساؤتھ کور اور انڈسٹریل گروتھ ایریا میں ہاؤسنگ اور کمرشل سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اس میں 2 ملین اسکوائر فٹ سے زیادہ نئے کمرشل و کمیونٹی اسپیس شامل ہیں، جبکہ دو سال کی عوامی مشاورت اور 50 سے زائد مقامی اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو منصوبہ سازی میں شامل کیا گیا ہے۔یہ منصوبہ اب نیویارک سٹی کونسل کے جائزے اور حتمی ووٹ کے لیے پیش کیا جائے گا۔ مقامی عہدیداران، کمیونٹی لیڈرز اور کاروباری اداروں نے اس پیشرفت کو جنوب مشرقی کوئنز کی بحالی اور ترقی کے لیے تاریخی موقع قرار دیا ہے۔