امریکا: ٹرمپ نے آئی آر ایس کے سربراہ کو اچانک برطرف کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن رکنِ کانگریس بلی لانگ کو انٹرنل ریونیو سروس کے سربراہ کے عہدے سے اچانک برطرف کردیا۔ وہ محض دو ماہ سے بھی کم عرصے قبل اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے سیکریٹری اسکاٹ بیسنٹ کو قائم مقام کمشنر کے طور پر ادارے کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، بلی لانگ کو ٹیکس پالیسی میں زیادہ تجربہ حاصل نہیں تھا، سوائے اس کے کہ وہ ماضی میں ایک متنازعہ اور دھوکہ دہی میں گھری ٹیکس کریڈٹ اسکیم کو فروغ دیتے رہے۔ اپنے مختصر دور میں ان کے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے اختلافات بھی سامنے آئے۔گزشتہ ماہ انہوں نے ایک تقریب میں ٹیکس ماہرین کو بتایا تھا کہ آئی آر ایس کا اہم فائلنگ سیزن آئندہ سال تاخیر سے شروع ہوگا، تاہم بعد میں ادارے نے اس بیان کو قبل از وقت قرار دے کر مسترد کردیا۔بلی لانگ، جو ایک خوش مزاج اور رنگین شخصیت کے مالک سمجھے جاتے ہیں، نے ملازمین کا اعتماد جیتنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ملک بھر میں آئی آر ایس دفاتر کا دورہ کیا اور کئی مواقع پر تمام ملازمین کو جمعہ کی دوپہر جلدی جانے کی اجازت دی۔