vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوجرسی: پاتھ ٹرین میں آتشزدگی، درجنوں افراد متاثر

0

امریکی ریاست نیو جرسی سے نیویارک جانے والی ایک مشرقی سمت کی پاتھ ٹرین کے نیچے اچانک آگ بھڑک اٹھی، واقعے میں درجنوں مسافر متاثر ہوئے۔ جبکہ ٹرین سروس بھی کئی گھنٹوں کے لیے معطل رہی۔

پورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق یہ واقعہ صبح 6:20 سے کچھ پہلے نیوپورٹ اسٹیشن پر پیش آیا، جب ٹرین میں سے دھواں بھر کر پلیٹ فارم اور اسٹیشن کے اندر پھیل گیا۔ فوری طور پر مسافروں کو نکال کر پلیٹ فارم پر منتقل کیا گیا۔ ویڈیوز میں ٹرین کے نیچے سے شعلے اٹھتے اور اندر گہرا دھواں بھرے ہونے کے مناظر دیکھے گئے۔ابتدائی طبی امداد کے لیے جائے وقوعہ پر ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ 13 افراد کو جائے وقوعہ پر دھوئیں سے متاثر ہونے پر طبی امداد دی گئی، جن میں سے 9 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اس واقعے کے بعد پاتھ ٹرین سروس شدید متاثر ہوئی اور صبح کے اوقات میں ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہو بوکن سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور 33 اسٹریٹ، نیز جرنل اسکوائر سے 33 اسٹریٹ تک ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ نیوپورٹ اسٹیشن کو بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا، اور نیویارک جانے والے مسافروں کو واپس لوٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔متاثرہ سیکشن کی مرمت اور حفاظتی جانچ کے بعد پاتھ ٹرین سروس صبح 11 بجے معمول کے مطابق بحال کر دی گئی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.