vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: ایم ٹی اے کرایوں میں متوقع اضافہ جنوری 2026 تک مؤخر

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کے سب وے اور بس کرایوں میں متوقع اضافہ جنوری 2026 تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ایم ٹی اے حکام کے مطابق بنیادی کرایہ جو اگست میں  2.90 ڈالر سے بڑھا کر 3 ڈالر کیا جانا تھا، اب یہ اضافہ 4 جنوری 2026 سے لاگو ہونے کا امکان ہے۔

یہ تاخیر ایم ٹی اے کے نئے OMNY ٹیپ اینڈ پے سسٹم کی مکمل منتقلی اور عوامی مشاورت کے تقاضوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ایم ٹی اے کے چیئرمین اور سی ای او جانو لیبر نے تصدیق کی کہ کرایوں میں اضافے کا عمل اب سال کے آخر میں کسی وقت شروع کیا جائے گا، کیونکہ معمول کے مطابق عوامی سماعتیں منعقد کی جائیں گی۔ایم ٹی اے کی مالی منصوبہ بندی کے مطابق OMNY سسٹم پر سات دن کا کرایہ کی حد 34 ڈالر سے بڑھا کر 36 ڈالر کر دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی 30 دن کے لامحدود سفر کے اختیارات کو ختم کر کے صرف سات دن کی حد پر مبنی "ان لمیٹڈ رائڈ” طریقہ کار باقی رکھا جائے گا۔ایکسپریس بس استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے بھی نیا ہفتہ وار ان لمیٹڈ پاس متعارف کرایا جا رہا ہے، جو 67 ڈالر کی ادائیگی کے بعد خودکار طور پر فعال ہو جائے گا۔ ایکسپریس بس کا فی کرایہ بھی 7 ڈالر سے بڑھا کر 7.25 ڈالر کر دیا جائے گا۔دیگر معمول کے کرایوں میں اضافے کے مطابق، کمیوٹر ریل لائنز کے ٹکٹوں میں 4.4 فیصد اور پلوں و سرنگوں کے ٹولز میں 7.5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ سب وے اور بس کے کرایے آخری مرتبہ 2023 میں بڑھے تھے،  روایتی طور پر ہر دو سال بعد کرایے بڑھتے ہیں، لیکن اس سال عوام کو چھ ماہ کی چھوٹ مل رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.