امریکی محکمہ انصاف کا انسانی اسمگلنگ کے شکار افراد کے لیے معاوضہ پروگرام
امریکی محکمہ انصاف نے انسانی اسمگلنگ کے شکار افراد کے لیے تاریخ کے سب سے بڑے معاوضہ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس اقدام کے تحت ان متاثرین کو مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گا جن کی اسمگلنگ آن لائن اشتہاری ویب سائٹ Backpage.com کے ذریعے کی گئی تھی۔ یہ محکمہ انصاف کی تاریخ کا سب سے بڑا معاوضہ پروگرام ہے، جو متاثرہ خواتین، بچوں اور دیگر افراد کی مدد کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔محکمہ انصاف کے قائم مقام اسسٹنٹ اٹارنی جنرل میتھیو آر گیلوٹی نے کہا کہ Backpage.com نے 14 سال تک غیر قانونی طور پر جنسی کاروبار اور انسانی اسمگلنگ کے اشتہارات کے ذریعے خواتین اور بچوں کا استحصال کیا۔ اس ویب سائٹ اور اس کے ذمہ داران نے اس انسان دشمن کاروبار سے کروڑوں ڈالر کمائے۔ اب حکومت ان ہی رقوم کو متاثرین کے لیے استعمال کرے گی۔ایف بی آئی اور انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کے اعلیٰ حکام نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کا مالی راستہ بند کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور متاثرین کو انصاف دلوانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔واضح رہے کہ Backpage.com کو 2004 سے لے کر اپریل 2018 تک انسانی اسمگلنگ، جنسی استحصال، اور کم عمر افراد کی تجارت کے لیے استعمال کیا جاتا رہا۔ اپریل 2018 میں امریکی حکومت نے اس ویب سائٹ کو ضبط کر لیا تھا۔ بعد ازاں ویب سائٹ کے مالکان اور اہم ذمہ داران کو غیر قانونی جنسی کاروبار کو فروغ دینے اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں مجرم قرار دے کر سزائیں دی گئیں۔دسمبر 2024 میں محکمہ انصاف نے اس ویب سائٹ سے منسلک اثاثوں میں سے 20 کروڑ ڈالر ضبط کیے، جنہیں اب متاثرین کے لیے معاوضہ کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔