کملا ہیرس کا گورنر الیکشن لڑنے سے انکار ، عوامی خدمت کے نئے انداز اپنانے کا اعلان
امریکہ کی سابق نائب صدر کملا ہیرس نے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ سال کیلیفورنیا کے گورنر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیں گی، نہ ہی کسی اور منتخب عہدے کے لیے امیدوار ہوں گی۔
ایک جاری کردہ بیان میں ہیرس نے کہا، مجھے اُن تمام افراد سے بے حد عقیدت اور احترام ہے جو عوامی خدمت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں۔ تاہم، یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ ہماری سیاست، حکومت اور ادارے اکثر امریکی عوام کو مایوس کرتے آئے ہیں، اور یہی رویہ ہمیں موجودہ بحران تک لے آیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم نئی حکمت عملی اور تازہ سوچ کے ساتھ وہی اصول اور اقدار برقرار رکھتے ہوئے تبدیلی کی راہ اپنائیں۔کملا ہیرس نے اپنے مستقبل کے حوالے سے اشارہ دیا کہ وہ اب ملک بھر میں عوام سے براہِ راست رابطے پر توجہ دیں گی، ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کریں گی، اور آنے والے مہینوں میں اپنے ذاتی منصوبوں کی تفصیلات شیئر کریں گی۔ ہیرس نے نائب صدارت سے قبل کیلیفورنیا میں ایک طویل عرصے تک عوامی خدمت انجام دی، جن میں امریکی سینیٹر، کیلیفورنیا اٹارنی جنرل اور سان فرانسسکو کی ڈسٹرکٹ اٹارنی جیسے اہم عہدے شامل ہیں۔