امریکی محکمہ انصاف کی وفاقی فنڈز حاصل کرنے والے اداروں کے لیے نئی ہدایات جاری
امریکی محکمہ انصاف نے امتیازی پالیسیوں کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے وفاقی فنڈز حاصل کرنے والے اداروں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کی ہدایات کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وفاقی فنڈز حاصل کرنے والے ادارے کسی بھی قسم کے غیر قانونی امتیازی رویے میں ملوث نہ ہوں۔ محکمہ انصاف نے واضح کیا ہے کہ وفاقی فنڈز حاصل کرنے والے تمام اداروں پر لازم ہے کہ وہ وفاقی قوانین کے مطابق کام کریں اور نسل، رنگ، قومی شناخت، جنس، مذہب یا کسی بھی دیگر محفوظ شدہ خصوصیات کی بنیاد پر امتیاز نہ برتیں ۔اٹارنی جنرل پامیلا بانڈی نے اپنے بیان میں کہا، محکمہ انصاف خاموش تماشائی نہیں بنے گا جب وفاقی فنڈز حاصل کرنے والے ادارے غیر قانونی امتیاز میں ملوث ہوں گے۔ ہماری رہنما ہدایات اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ ہم امریکی عوام کی خدمت کر رہے ہیں، نہ کہ کسی نظریاتی ایجنڈے کی۔محکمہ انصاف کی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ہرمیت ڈھلون نے کہا، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ٹیکس دہندگان کی رقم قانونی اور عوامی مفاد میں استعمال ہو۔ ہماری نئی ہدایات اس اصول پر ہے کہ ہر امریکی کو مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ جاری کردہ گائیڈنس میں ایسے پروگرامز یا اقدامات کے قانونی خطرات کو اجاگر کیا گیا ہے جو محفوظ شدہ خصوصیات کی بنیاد پر امتیازی رویے اختیار کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، ایسے اداروں کے لیے مشورے اور بہترین طریقہ کار بھی فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ قانون کی خلاف ورزی اور وفاقی فنڈز کی منسوخی سے بچ سکیں۔