نیویارک میں سابق فلشنگ ایئرپورٹ پر 3,000 گھروں اور 60 ایکڑ پارک کی تعمیر کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور نیو یارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر اینڈریو کمبل نے "ہاؤسنگ ویک” کے آغاز پر کوئینز میں واقع سابق فلشنگ ایئرپورٹ پر 3,000 نئے گھروں اور 60 ایکڑ وسیع عوامی پارک کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
یہ معاہدہ سرس ورکر فورس ہاؤسنگ اور ایل سی او آر انکارپوریشن کے اشتراک سے طے پایا ہے، جس کے تحت تعمیراتی سرگرمیاں 2028 میں ماحولیاتی منظوری کے بعد شروع ہوں گی۔تین دہائیوں میں اس منصوبے سے 3.2 ارب ڈالر کی معاشی سرگرمی پیدا ہونے کی امید ہے، جبکہ 1,300 یونین کنسٹرکشن ملازمتیں اور 530 طویل المدتی ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ مجوزہ ترقیاتی خاکے میں ماحول دوست ڈیزائن، جدید بنیادی ڈھانچہ، جنگلی حیات کی گزرگاہیں، کھلی جگہیں، اور تفریحی مقامات شامل ہیں۔یہ معاہدہ نیو یارک سٹی کی ملکیتی زمین پر ہاؤسنگ منصوبوں کو فروغ دینے سے متعلق میئر ایڈمز کے تاریخی ایگزیکٹو آرڈر کے تحت طے پایا ہے، اور 60 سال میں پہلی بار سٹی وائیڈ زوننگ اصلاحات کے بعد یہ پہلا بڑا منصوبہ تصور کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل 100 فیصد یونین مزدوروں کے ذریعے کی جائے گی، جس کی تصدیق لیبر تنظیموں بشمول بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ٹریڈز کونسل، کارپینٹرز، آئرن ورکرز اور فائر فائٹرز یونینز نے کی ہے۔یہ منصوبہ میئر ایڈمز کے اس بڑے ہدف کا حصہ ہے جس کے تحت 2032 تک شہر میں 500,000 نئے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔