نیویارک: 2025 کے آغاز سے اب تک 3,000 سے زائد غیرقانونی ہتھیار ضبط
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کی کمشنر جیسیکا ٹش نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال 2025 کے آغاز سے اب تک نیویارک سٹی کی سڑکوں سے 3,000 سے زائد غیرقانونی ہتھیاروں کو قبضے میں لیا گیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، جنوری 2022 میں آغاز کے بعد سے اب تک کل 22,700 سے زائد غیرقانونی اسلحے ضبط کیے جا چکے ہیں۔ اس بھرپور کارروائی کے نتیجے میں شہر بھر میں فائرنگ کے واقعات میں 54 فیصد اور قتل کی وارداتوں میں 36 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا، "ہتھیاروں کے خلاف ہماری ریکارڈ سطح پر کارروائیوں پر مجھے فخر ہے۔کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق، "2025 کی پہلی ششماہی میں نیویارک سٹی میں فائرنگ کے سب سے کم واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ رواں سال اب تک NYPD نے 48 گینگ نیٹ ورکس کو توڑا، 347 گینگ ارکان کو گرفتار کیا، اور 236 ہتھیار برآمد کیے۔ ان میں سے 1,500 سے زائد "گھوسٹ گنز” بھی شامل ہیں، گھوسٹ گنز وہ ہتھیار ہیں جو بغیر سیریل نمبر کے ہوتے ہیں اور جنہیں ٹریس کرنا مشکل ہوتا ہے۔ صرف 2025 میں اب تک 137 گھوسٹ گنز برآمد کی جا چکی ہیں۔ جون 2025 میں فائرنگ کے واقعات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 30 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ ساتھ ہی 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 23.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ کسی بھی سہ ماہی میں فائرنگ کے سب سے کم واقعات کا ریکارڈ ہے۔ دیگر جرائم کی شرح میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جون 2025 میں شہر بھر میں بڑے جرائم میں 6 فیصد کمی ہوئی، جب کہ ٹرانزٹ کرائم، ہاؤسنگ کرائم، نفرت پر مبنی جرائم، اور ریٹیل چوری میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ نیویارک سٹی میں غیرقانونی اسلحہ کے خلاف اجتماعی، مربوط اور مسلسل کوششیں شہر کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔