vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: شدید گرمی کی پیشگوئی، شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ اور محکمہ صحت نے رواں ہفتے شہر میں متوقع شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، نیویارک میں رواں ہفتے ہیٹ انڈیکس 105 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہر کا ہیٹ ایمرجنسی پلان نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کولنگ سینٹرز فعال کر دیے گئے ہیں اور حساس افراد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کولنگ سینٹرز معذور افراد کے لیے قابلِ رسائی ہیں اور بعض مراکز پر پالتو جانوروں کے ساتھ آنے کی بھی اجازت ہے۔ ساتھ ہی طوفانی بارش کے خطرے کے پیش نظر فلیش فلڈ ایمرجنسی پلان بھی نافذ کیا گیا ہے۔ میئر ایرک ایڈمز نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور ضرورت کے وقت کولنگ سینٹرز سے استفادہ کریں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرم موسم میں دن کے درمیانی حصے سے اجتناب کریں، ہلکے کپڑے پہنیں، وافر پانی پئیں اور ایئر کنڈیشنر کا مناسب استعمال کریں۔ بزرگ، بیمار، یا معذور افراد کو ٹھنڈی جگہ پر رکھا جائے اور بجلی کے استعمال میں کمی کے لیے غیر ضروری آلات بند کیے جائیں۔ جانوروں کے تحفظ کے لیے ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پالتو جانوروں کو گرمی سے بچایا جائے، انہیں صاف پانی دیا جائے اور گرم سڑک پر نہ چلایا جائے تاکہ ان کے پنجے نہ جلیں۔ ایڈمز کے مطابق گرمی کے خطرناک اثرات سے نمٹنے کے لیے شہر میں ہِیٹ ایمرجنسی پلان فعال کر دیا گیا ہے۔ مختلف سرکاری ادارے مل کر کولنگ سینٹرز کی دستیابی، حساس افراد تک رسائی، عوامی معلومات کی فراہمی اور بجلی کے استعمال میں کمی جیسے اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.