vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: پولیس افسر پر فائرنگ، مشتبہ قاتل گرفتار

0

لانگ آئی لینڈ(ویب ڈیسک) نیویارک کے لانگ آئی لینڈ میں ایک پولیس افسر کو 66 سالہ شخص کی پراسرار موت کی تحقیقات کے دوران چہرے پر گولی مار دی گئی، جبکہ مشتبہ شخص کو قتل اور حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق، واقعہ نارتھ بے شور کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس اہلکار 66 سالہ شخص کی پراسرار موت کی تحقیقات کر رہے تھے۔ مقتول یوجین ایلن کی لاش نیویارک ایونیو کے جنوبی جانب جھاڑیوں میں سے ملی تھی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول کو پہلے سڑک پر قتل کر کے بعد میں لاش کو جنگل میں پھینکا گیا۔ مقتول اور ملزم دونوں مکینک تھے، اور پولیس کے مطابق ان کے درمیان پرانا تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 48 سالہ نیویس ریئس کو مشتبہ قرار دیا، اور رات تقریباً دو بجے اس کے گھر پر سرچ وارنٹ پر کارروائی کی۔ اسی دوران ریئس نے گھر کے اندر سے فائرنگ کر دی، جس سے ایک گولی 33 سالہ پولیس افسر کے چہرے پر لگی، جبکہ متعدد گولیاں پولیس گاڑیوں کو بھی لگیں۔ افسر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی سرجری کی گئی، اور ڈاکٹروں نے بتایا کہ گولی اس کی آنکھ سے آدھا انچ دور لگی، جو کہ جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔ واقعے کے دوران پولیس نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ نہیں کی۔  پولیس یونین کے صدر لو سیویلو نے واقعے پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے روزانہ جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی حفاظت کرتے ہیں، اور اس واقعے نے موجودہ قوانین کی کمزوری کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے قانون سازوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پرتشدد جرائم اور ذہنی صحت کے بحران سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ یہ واقعہ گورنر کے حالیہ لانگ آئی لینڈ دورے کے ایک روز بعد پیش آیا، جہاں انہوں نے جرائم کی شرح میں کمی کا دعویٰ کیا تھا، جسے یونین نے ایک "سنجیدہ تضاد” قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.