واشنگٹن ہائٹس پارک میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ، فیڈرل افسر زخمی
واشنگٹن ہائٹس(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے واشنگٹن ہائٹس میں ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) کا ایک آف ڈیوٹی افسر چہرے اور بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، 21 سالہ مشتبہ حملہ آور میگوئل مورا کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واقعہ جارج واشنگٹن برج کے نیچے رِیور سائیڈ پارک میں پیش آیا، جہاں مذکورہ افسر ایک خاتون کے ہمراہ موجود تھا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دو افراد کو موپیڈ پر سوار افسر کے قریب آتے اور اسلحہ دکھا کر ڈکیتی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں افسر زخمی ہوا لیکن افسر کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور ٹانگ میں زخمی ہو گیا۔ زخمی افسر کو فوری طور پر ہارلم اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔ پولیس کمشنر کے مطابق، افسر کو صرف اس کے پیشے کی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا گیا۔ واقعے کے بعد زخمی حملہ آور میگوئل مورا برونکس کے ایک اسپتال میں داخل ہوا، جہاں سے اسے NYPD نے حراست میں لیا۔ NYPD کا کہنا ہے کہ مورا غیر قانونی طور پر ملک میں موجود ہے اور اسے دو سال قبل ڈومینیکن ریپبلک واپس بھیجنے کا حکم دیا جا چکا تھا۔ حکام کے مطابق مورا پر پہلے سے مختلف ریاستی اور وفاقی سطح پر ڈکیتی، چاقو زنی اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی جیسے الزامات ہیں۔ اس وقت اس کے خلاف قتل کی کوشش سمیت متعدد مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ پولیس مورا کے ساتھی دوسرے مشتبہ شخص کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے، جو واردات کے وقت اس کے ہمراہ تھا اور واقعے سے چند لمحے قبل پارک میں ایک اور ڈکیتی میں ملوث پایا گیا تھا۔