نیویارک: سٹی زن ایپ پر عوامی تحفظ کے لیے سرکاری اکاؤنٹ لانچ
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے "سٹی زن” ایپ پر ایک نئے سرکاری اکاؤنٹ "NYC Public Safety” کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جو شہریوں کو قریبی ہنگامی حالات اور جاری واقعات کے بارے میں بروقت اطلاعات فراہم کرتا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس اکاؤنٹ کے ذریعے شہر کی مختلف ایجنسیوں سے حاصل شدہ عوامی تحفظ سے متعلق اطلاعات اور الرٹس شہریوں تک براہ راست پہنچائے جائیں گے، تاکہ انہیں بروقت اور درست معلومات دستیاب ہو سکیں۔ سٹی زن ایپ کے پانچوں بورو میں 30 لاکھ سے زائد صارفین ہیں۔ ایڈمز نے کہا کہ شہر کو محفوظ بنانے کے لیے شہریوں کو درست معلومات کی فراہمی اہم حیثیت رکھتی ہے۔ نیا اکاؤنٹ گرمی کی شدت، سیلاب، آگ یا جرائم سے متعلق الرٹس فراہم کرے گا اور شہریوں کو یہ جاننے میں مدد دے گا کہ حکومت ان کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی میئر برائے پبلک سیفٹی کاز ڈاٹری اور ڈپٹی میئر فار کمیونیکیشنز فیبین لیوی کے مطابق، یہ قدم جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام تک فوری اور قابل بھروسا معلومات پہنچانے کی حکومتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ حکام کے مطابق شہر اس پلیٹ فارم کے ذریعے مخصوص علاقوں، زپ کوڈز یا بورو کی بنیاد پر بھی اطلاعات بھیج سکے گا۔ پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور ایمرجنسی مینجمنٹ سمیت متعدد ایجنسیاں اس سسٹم میں محفوظ رسائی حاصل کر سکیں گی اور صارفین کی طرف سے جمع کروائی گئی ویڈیوز بھی تحقیقات اور تجزیوں کے لیے استعمال کی جا سکیں گی۔ یہ سروس شہر کو کسی مالی لاگت کے بغیر فراہم کی گئی ہے۔ ایڈمز نے کہا یہ اقدام نوٹیفائی NYC اور دیگر ڈیجیٹل اقدامات کے ساتھ مل کر ایک مربوط نظام تشکیل دے رہا ہے، جو شہریوں کو ان کی زبان اور ضرورت کے مطابق اطلاعات فراہم کرتا ہے۔ میئر ایڈمز کی انتظامیہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کی حفاظت، ایمرجنسی رسپانس اور جرائم کی روک تھام کو مؤثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔