vosa.tv
Voice of South Asia!

 ایڈمز کا ایوری پروگرام کو پانچوں بورو تک توسیع دینے کا فیصلہ

0

نیویارک (ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے "ایوری بلاک کاؤنٹس” پروگرام کو پانچوں بورو تک توسیع دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ پروگرام شہر کے ان مخصوص رہائشی بلاکس میں جرائم، فائرنگ اور معیارِ زندگی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط اور ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ابتدائی طور پر برونکس اور بروکلین میں نافذ کیا گیا تھا جہاں اس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ حکام کے مطابق جرائم میں 22 فیصد، فائرنگ میں 33 فیصد اور فائرنگ کے متاثرین میں 60 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ اب اس کامیاب ماڈل کو مین ہٹن، کوئنز اور اسٹیٹن آئی لینڈ سمیت تمام بورو میں وسعت دی جا رہی ہے، جہاں ہر پریسنکٹ کے پانچ بلاکس پر فوکس کرتے ہوئے سٹی ایجنسیاں صفائی، روشنی، سڑکوں کی مرمت، سماجی خدمات، ہاؤسنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مسائل حل کر رہی ہیں۔ ہر بلاک کے لیے ایک مقامی نمائندہ تعینات کیا گیا ہے جو کمیونٹی اور ایجنسیز کے درمیان ربط قائم کرتا ہے۔ بلدیاتی اعداد و شمار کے مطابق پائلٹ پروگرام کے تحت برونکس میں 120 میں سے 86 اور بروکلین میں 108 میں سے 83 شکایات کو حل کیا جا چکا ہے جبکہ نئے شامل کردہ بورو میں بھی بہتری کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔ شہر میں صفائی ستھرائی، گلیوں کی روشنی اور خالی جگہوں کی صفائی جیسے اقدامات کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ایونٹس اور فلاحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ حکومت بلاک بہ بلاک اور سڑک بہ سڑک کام کر کے نیویارک سٹی کو ایک محفوظ اور قابلِ رہائش شہر بنا رہی ہے۔ 2025 کے پہلے چھ ماہ میں شہر میں فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد ریکارڈ کم سطح پر آ گئی ہے جبکہ بڑے جرائم کی شرح میں 5.5 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ پولیس نے 2022 سے اب تک 22,600 سے زائد غیر قانونی ہتھیار ضبط کیے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ حکمت عملی نہ صرف جرائم کے خاتمے بلکہ ان کی وجوہات کے سدباب اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے کی طرف ایک مؤثر قدم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.