vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی کمپنی کا سمندری حدود میں تیل خارج کرنے کا اعتراف جرم

0

امریکی کمپنی ایگل شپ مینجمنٹ ایل ایل سی (ESM) نے سمندری حدود میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔ 

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، کمپنی پر الزام تھا کہ اس نے نیو اورلینز کے ساحل کے قریب غیر ملکی پرچم بردار بحری جہاز "ایم وی گینیٹ بلکر” کے ذریعے جان بوجھ کر تیل آلود پانی خارج کیا، جو "ایکٹ ٹو پریوینٹ پولوشن فرام شپز” (APPS) کی خلاف ورزی ہے۔ عدالتی معاہدے کی منظوری کی صورت میں کمپنی 17 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ ادا کرے گی اور چار سالہ پروبیشن پر رہے گی، جس دوران آزاد ماحولیاتی ماہرین جہازوں کا جائزہ لیں گے۔ ساتھ ہی مذکورہ جہاز کے چیف انجینئر کو تیل کے اخراج اور شواہد مٹانے کے الزام میں ایک سال اور ایک دن قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ تحقیقات مارچ 2021 میں اُس وقت شروع ہوئیں جب ایک عملے کے رکن نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی کہ انجن روم میں پانی بھرنے کے بعد آلودہ مواد رات کی تاریکی میں سمندر میں خارج کیا گیا، جس سے جہاز اور عملے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوئے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق، تقریباً 10,300 گیلن آلودہ پانی بغیر کسی حفاظتی طریقہ کار یا ریکارڈنگ کے خارج کیا گی جبکہ جہاز جنوب مغربی سمندری راستے کے قریب لنگر انداز تھا۔ محکمہ انصاف نے بتایا کہ کمپنی نے نہ صرف شواہد مٹانے کی کوشش کی بلکہ شکایت کنندہ عملے کے رکن کے خلاف انتقامی کارروائی بھی کی۔ کمپنی افسران پر کوسٹ گارڈ سے جھوٹ بولنے، اہم ریکارڈ ضائع کرنے اور جعلی دستاویزات تیار کرنے کا بھی الزام ہے۔ عدالت میں سزا سنانے کی سماعت 16 اکتوبر کو مقرر ہے جبکہ تفتیش کوسٹ گارڈ کرمنل انویسٹی گیشنز ڈویژن اور ہارٹ لینڈ ڈسٹرکٹ نے کی۔ مقدمے کی پیروی محکمہ انصاف اور مشرقی ڈسٹرکٹ آف لوزیانا کے وکلاء کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.