نیوجرسی: آسمانی بجلی گرنے سے 1 شخص جاں بحق، متعدد زخمی
نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق، واقعہ نیوجرسی کے جیکسن ٹاؤن شپ میں شام 7 بجے کے قریب پیری نی وِل روڈ پر واقع بلیک نائٹ بو بینڈرز آرچری رینج پر پیش آیا، جہاں ایک مبینہ اسکاؤٹنگ گروپ مشق میں مصروف تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بجلی درخت کے قریب زمین پر گری، جس کے نتیجے میں 61 سالہ انسٹرکٹر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ چھ دیگر افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت بارش نہیں ہو رہی تھی جبکہ بجلی گرنے کی آواز انتہائی زور دار تھی۔ میئر مائیکل رینا نے واقعے کو "افسوسناک سانحہ” قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔ میئر نے فوری کارروائی پر ریسپانڈرز کی تعریف کی اور بتایا کہ گورنر فل مرفی اور دیگر حکام نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔