امریکی حکومت نے رواں سال سے لے کر 2028 تک پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے ایک نئی مالی اسکیم متعارف کروائی ہے، جس کے تحت نومولود بچوں کے لیے "ٹرمپ اکاؤنٹ” کے نام سے ایک خصوصی مالیاتی اکاؤنٹ کھولا جائے گا، جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر $1000 جمع کروائے جائیں گے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، یہ اسکیم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط شدہ ٹیکس اور اخراجاتی قانون کا حصہ ہے، اور اس کا مقصد امریکی شہریوں کو مالی اعتبار سے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق، یہ رقم صرف ایک مرتبہ اکاؤنٹ کھولنے پر جمع کروائی جائے گی، اور یہ اسکیم ماہانہ یا سالانہ بنیاد پر رقم فراہم نہیں کرے گی۔ یہ اکاؤنٹ ایک قسم کے انفرادی ریٹائرمنٹ اکاؤنٹ (IRA) کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، تاہم اس میں حکومتی سرمائے کی شمولیت اسے منفرد بناتی ہے۔ امریکہ میں ہر سال تقریباً 36 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں اس اسکیم کے تحت حکومت پر سالانہ کئی ارب ڈالر کا بوجھ متوقع ہے۔ ابتدائی خاکے میں بچوں کو 30 سال کی عمر سے قبل رقم استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی، تاہم سینیٹ میں ترامیم کے بعد اسے طویل المدتی ریٹائرمنٹ اسکیم کی شکل دے دی گئی ہے۔ ٹیکس اور مالی پالیسی ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی اس اسکیم کے اطلاق، اکاؤنٹ کھولنے اور رقوم منتقل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق کئی نکات پر وضاحت باقی ہے۔ محکمہ خزانہ اور انٹرنل ریونیو سروس (IRS) نے تاحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مکمل عملدرآمد سے قبل مزید رہنما اصول جاری کیے جانے کی توقع ہے۔