vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا عوام کے لیے 11 اسکول یارڈز کھولنے کا اعلان

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمزاور محکمہ پارکس کی کمشنر آئرس روڈریگز روسا نے "اسکول یارڈز ٹو پلے گراؤنڈز” پروگرام کے تحت 11 نئے اسکول یارڈز کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ اقدام 2025 اسٹیٹ آف دی سٹی خطاب میں کیے گئے وعدوں اور رواں سال شروع کی گئی "وی آؤٹ سائیڈ سمر” مہم کا حصہ ہے۔ پبلک اسکولز چانسلر میلیسا آویلس راموس کا کہنا ہے کہ نئے شامل کیے گئے یہ مقامات ان محلوں میں واقع ہیں جہاں پارکوں تک پیدل رسائی موجود نہیں تھی۔ سٹی انتظامیہ نے ان مقامات کے لیے مالی سال 2026 کے بجٹ میں 7 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی مستقل سرمایہ کاری کی ہے، جس کے ذریعے مزید 20 ہزار نیویارکرز کو سبز جگہوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ یہ اسکول یارڈز برونکس، بروکلین، مین ہیٹن اور کوئنز کے مختلف علاقوں میں واقع ہیں اور پہلے سے موجود 300 سے زائد فعال اسکول یارڈز کے نیٹ ورک میں شامل ہوں گے۔ میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ اسکول یارڈز کو غیر تدریسی اوقات میں بند رکھنا ایسے محلوں میں ناانصافی ہے جہاں پہلے ہی عوامی گرین اسپیس کی کمی ہے۔ ایڈمز کے مطابق، شہر کو شہریوں کے لیے رہنے کے قابل جگہ بنانے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔ انتظامیہ نے اس اقدام کو شہریوں کے لیے محفوظ، صحت مند اور دوستانہ ماحول کی فراہمی کی جانب ایک اور عملی قدم قرار دیا ہے۔ مزید تفصیلات کے مطابق، "وی آؤٹ سائیڈ سمر” مہم کے تحت رواں سیزن میں خالی پلاٹوں کو سرسبز مقامات میں تبدیل کرنے، پارکوں میں پبلک باتھ رومز کی فراہمی، اور سوئمنگ پروگرامز میں توسیع جیسے اقدامات بھی کیے جا چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.