آئی ٹی کمپنی کا امریکی حکومت سے 14.75 ملین ڈالر کے تصفیہ پر اتفاق
میری لینڈ(ویب ڈیسک) امریکی ریاست میری لینڈ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی "ہل اے ایس سی انک”نے فیڈرل کنٹریکٹس کے تحت مبینہ دھوکہ دہی کے الزامات کے تصفیے کے لیے کم از کم 14.75 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یہ تصفیہ 2018 سے 2023 کے دوران جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن (GSA) کے "ملٹی پل ایوارڈ شیڈول” (MAS) پروگرام کے تحت سرکاری ایجنسیوں کو فراہم کردہ خدمات سے متعلق ہے۔ محکمہ انصاف کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، کمپنی پر الزام تھا کہ اس نے ایسے آئی ٹی ملازمین کی خدمات کا بل وفاقی اداروں سے وصول کیا جن کے پاس مطلوبہ تجربہ یا تعلیمی قابلیت موجود نہیں تھی۔ ساتھ ہی کمپنی نے ایسی سائبر سکیورٹی خدمات کے لیے بھی ادائیگی حاصل کی جو معاہدے کے دائرہ کار میں شامل نہیں تھیں اور جن کے لیے لازمی تکنیکی منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔ مزید الزامات میں غیر منظور شدہ فیسوں کی وصولی، جلد ادائیگی پر دی جانے والی رعایت کی معلومات چھپانا اور نئی کنٹریکٹ پیشکش میں ناقابلِ قبول مراعاتی ادائیگیاں شامل کرنا شامل ہیں۔ حکام کے مطابق، یہ تصفیہ کمپنی کی ادائیگی کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا گیا ہے جس کے تحت اضافی رقم بھی ادا کی جا سکتی ہے اگر کچھ مالی شرائط پوری ہوں۔ وفاقی حکام نے اس کارروائی کو سرکاری کنٹریکٹس میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ایک اہم مثال قرار دیا ہے۔ وزارتِ انصاف، GSA اور محکمہ خزانہ کے انسپکٹر جنرلز نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایسے کنٹریکٹرز جو جان بوجھ کر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کا احتساب ضروری ہے۔ یہ تمام الزامات فی الحال صرف دعووں کی حیثیت رکھتے ہیں اور کسی عدالت نے ہل کمپنی کی قانونی ذمہ داری کا فیصلہ نہیں دیا۔