ایڈمز کا "بینیفٹس آن یور بلاک” مہم کا آغاز
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے "بینیفٹس آن یور بلاک” کے عنوان سے موسم گرما کی ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد شہر بھر میں شہریوں کو ان کے دروازے پر سرکاری سہولیات تک فوری رسائی فراہم کرنا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، چیف انگیجمنٹ آفیسر کرسٹل پرائس کی قیادت میں اس مہم میں درجنوں سرکاری ایجنسیاں شرکت کر رہی ہیں، جو مختلف تقریبات کے ذریعے شہریوں کو ملازمت کی تربیت، چھوٹے کاروبار کی معاونت، صحت، رہائش اور دیگر اہم خدمات سے جوڑیں گی۔ اس اقدام کے تحت 12 ہفتہ وار ریسورس فیئرز منعقد کیے جائیں گے جن کا آغاز 13 جولائی کو براؤنز وِل، بروکلین سے ہوگا۔ ان فیئرز میں نیویارکرز موقع پر ہی پبلک اسسٹنس، ہیلتھ کیئر، کرایہ داروں کی مدد اور روزگار کے وسائل کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ ساتھ ہی "بینیفٹس آن یور بلاک” مہم، سمر اسٹریٹس، NYCHA فیملی ڈے اور دیگر عوامی تقریبات میں بھی شہر کی موجودگی کو مزید مؤثر بنائے گی۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ پروگرام کے تحت مختلف زبانوں میں ترجمہ شدہ مواد اور ملٹی لنگوئل عملہ بھی موجود ہوگا تاکہ تمام شہری اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم ایسے افراد کے لیے مددگار ثابت ہوگی جو مختلف وجوہات کی بنا پر حکومتی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے، اور یہ اقدام ان رکاوٹوں کو دور کرنے کی جانب عملی قدم ہے۔