vosa.tv
Voice of South Asia!

 ایڈمز کا کولمبیا اسٹریٹ پر ری سائیکلنگ یارڈ بند کرنے کا اعلان

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اعلان کیا ہے کہ کولمبیا اسٹریٹ واٹر فرنٹ ڈسٹرکٹ میں واقع کنکریٹ ری سائیکلنگ یارڈ کی سرگرمیاں رواں سال اگست میں بند کر دی جائیں گی اور سال کے اختتام تک یہ سہولت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔

محکمہ ٹرانسپورٹیشن (ڈی او ٹی) کے کمشنر یدانس روڈریگز کے مطابق، یہ فیصلہ بروکلین میرین ٹرمینل کی ازسرنو ترقی کے منصوبے اور مقامی رہائشیوں کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جنہوں نے شور، دھول اور بھاری ٹریفک کے باعث معیارِ زندگی متاثر ہونے پر مسلسل آواز اٹھائی تھی۔ میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ مجوزہ منصوبے کے تحت اس مقام پر رہائشی اپارٹمنٹس، اوپن اسپیس اور ایک اسکول کی تعمیر متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف بروکلین کے رہائشیوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، بلکہ یہ فیصلہ شہر میں ماحولیاتی انصاف اور معیارِ زندگی میں بہتری کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ڈی او ٹی کمشنر نے وضاحت کی کہ اگرچہ کنکریٹ ری سائیکلنگ سڑکوں کی مرمت اور سیفٹی سے متعلق اہم منصوبوں کے لیے ضروری ہے لیکن شہریوں کی شکایات کو دیکھتے ہوئے اس عارضی سہولت کو متبادل مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت جاری رہے گی لیکن کنکریٹ کا عمل کسی دوسرے مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ ایڈمز نے کہا کہ شہری نمائندوں اور ماحولیاتی کارکنوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ کانگریس مین ڈین گولڈمین، سینیٹر اینڈریو گونارڈیس، اسمبلی ممبر جو این سائمن اور کونسل ممبر شہانہ حنیف نے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں آلودگی، ٹریفک اور شور میں نمایاں کمی آئے گی اور عوام کو سکون میسر آئے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.