vosa.tv
Voice of South Asia!

کیلیفورنیا کے دو رہائشیوں کا میڈیکیئر فراڈ اسکیم کا اعتراف جرم

0

کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دو رہائشیوں نے وفاقی عدالت میں جعلی ہاسپیس کمپنیوں کے ذریعے 1 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زائد کی میڈیکیئر فراڈ اور منی لانڈرنگ اسکیم میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔

وفاقی دستاویزات کے مطابق، 35 سالہ کارپس سرپیان، پیٹروس فچڈژیان نے جوان کارلوس ایسپازا کے ساتھ مل کر غیر ضروری اور کبھی فراہم نہ کی گئی ہاسپیس خدمات پر میڈیکیئر سے رقوم وصول کرتے رہے۔ اس مقصد کے لیے چار جعلی ہاسپیس کمپنیاں استعمال کی گئیں، جن میں سے ایک ایسپازا کے نام پر تھی جبکہ باقی تین غیر ملکی افراد کے نام پر رجسٹرڈ تھیں مگر ان پر ملزمان خود قابض تھے۔ ملزمان نے اسکیم کو چھپانے کے لیے غیر ملکی شہریوں کی شناختیں، جعلی بینک اکاؤنٹس اور دو مرحوم ڈاکٹروں کے ناموں کا استعمال بھی کیا تاکہ میڈیکیئر سے ادائیگیاں حاصل کی جا سکیں۔ ان جعلی کمپنیوں کو مجموعی طور پر 16 ملین ڈالر ادا کیے گئے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ فچڈژیان، ایسپازا اور سرپیان نے فراڈ سے حاصل شدہ رقم کو چھپانے کے لیے منی لانڈرنگ کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا، جس میں سرپیان کی ساتھی سوسانا ہاروتیونیان بھی شامل تھیں۔ ہاروتیونیان اور اس کے شوہر میہران پانسویان نے جعلی شناختی دستاویزات، بینک ریکارڈز، اور دیگر مالیاتی سامان اپنے گھروں میں رکھا اور فراڈ کی رقم ذاتی اخراجات، بشمول BMW گاڑی کی ادائیگی پر خرچ کی گئی۔ کارپس سرپیان نے ہیلتھ کیئر فراڈ اور منی لانڈرنگ کی سازش کا اعتراف کر لیا ہے اور اسے 6 اکتوبر کو سزا سنائی جائے گی۔ سوسانا ہاروتیونیان نے بھی منی لانڈرنگ کا جرم تسلیم کیا ہے اور اس کی سزا 17 نومبر کو سنائی جائے گی۔ دونوں کو بالترتیب 20 اور 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔ وفاقی حکام کے مطابق، یہ مقدمہ لاس اینجلس میں جاری ہاسپس فراڈ کے خلاف کارروائیوں کا حصہ ہے، جہاں اب تک متعدد افراد کو میڈیکیئر فراڈ کے الزامات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.