نیویارک سٹی میں ڈولا سروسز سے 1,128 خواتین مستفید
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ صحت و ذہنی صفائی کی قائم مقام کمشنر ڈاکٹر مشیل مورس نے سٹی وائیڈ ڈولا انیشی ایٹو کی کامیاب پیش رفت کا انکشاف کیا، جس کے تحت 2024 میں 1,128 حاملہ خواتین کو مفت ڈولا خدمات فراہم کی گئیں۔
محکمہ صحت و ذہنی صفائی کی قائم مقام کمشنر ڈاکٹر مشیل مورس کا کہنا ہے کہ پروگرام نے اپنی سالانہ ہدف سے تجاوز کرتے ہوئے 1,128 خواتین کو خدمات فراہم کیں، اور تین برسوں کے دوران مجموعی طور پر 3,245 خواتین مستفید ہوئیں۔ انہوں نے کہا اس عرصے میں کسی بھی خاتون کی زچگی کے دوران موت رپورٹ نہیں ہوئی۔ میئر ایرک ایڈمز کے مطابق شہر کے ان علاقوں میں جہاں وسائل کی کمی ہے، ڈولا پروگرام نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ 2024 میں شہر بھر میں ہونے والی ڈولا خدمات میں تقریباً نصف اسی پروگرام کے ذریعے انجام پائیں۔ کلائنٹس میں 61 فیصد خواتین سیاہ فام، 44 فیصد ہسپانوی جبکہ 22 فیصد غیر انگریزی بولنے والی تھیں۔ مزید یہ کہ 16 فیصد خواتین شیلٹرز یا عارضی رہائش گاہوں میں مقیم تھیں، اور 94 فیصد نے سرکاری انشورنس پروگرامز کے تحت خدمات حاصل کیں۔ میئر نے کہا اسپتالوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے 10 شراکت دار اسپتالوں کے ساتھ سو سے زائد اجلاس منعقد کیے گئے اور ایک ہزار سے زائد ’ڈولا-فرینڈلی‘ گائیڈ بکس تقسیم کی گئیں۔ اسپتالوں کے ذریعے 350 سے زائد کلائنٹس کو براہ راست ڈولا خدمات سے جوڑا گیا۔ یہ پروگرام میئر ایڈمز کی "HealthyNYC” مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد 2030 تک نیویارک میں اوسط عمر 83 سال تک پہنچانا اور سیاہ فام خواتین میں زچگی سے متعلق اموات کی شرح میں 10 فیصد کمی لانا ہے۔