نیویارک کے رہائشی کو وفاقی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے پر 1 سال قید
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے بلیو پوائنٹ کے رہائشی رچرڈ زاگر کو تعمیراتی حادثے سے متعلق وفاقی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے اور سازش کے الزامات پر عدالت نے ایک سال قید اور دو سال نگرانی کی سزا سنائی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 58 سالہ رچرڈ زاگر نے چار نکاتی فردِ جرم کا اعتراف کیا تھا جس میں وفاقی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور جھوٹے بیانات شامل تھے۔ زاگر لانگ آئی لینڈ کے مشرقی پیچوگ میں قائم نورٹرج کنسٹرکشن کارپوریشن کا سپروائزر تھا، جہاں اس کی نگرانی میں کمپنی کی عمارت پر ایک دھاتی شیڈ نصب کی جا رہی تھی۔ دورانِ تنصیب ایک کارکن غیر محفوظ چھت سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔ امریکی محکمہ محنت کے تحت کام کرنے والے ادارے اوشا (OSHA) نے واقعے کی تحقیقات کیں اور کئی حفاظتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں، جن میں دھاتی ڈھانچے کی مناسب استحکام کی کمی شامل تھی۔ تحقیقات کے دوران زاگر نے نہ صرف غلط بیانات دیے بلکہ دیگر افراد کے ساتھ مل کر حکام کو گمراہ کرنے کی سازش بھی کی۔ اس مقدمے میں کمپنی نورٹرج کنسٹرکشن کو پہلے ہی ایک لاکھ ڈالر جرمانہ اور پانچ سال کی پروبیشن کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ وفاقی محکمہ انصاف کی ماحولیاتی و قدرتی وسائل ڈویژن کے قائم مقام اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ایڈم گستافسن نے عدالتی فیصلے کا اعلان کیا۔ مقدمے کی پیروی محکمہ انصاف کے ماحولیاتی جرائم سیکشن کے وکلاء نے کی ہے۔