نیویارک میں یومِ عاشورہ، شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوس
دنیا بھر کی طرح امریکا میں بھی یومِ عاشور عقیدت و احترام سے منا یا گیا۔ نیویارک میں المہدی سینٹر سے شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگیا۔
نیویارک میں یومِ عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منا یا گیا۔نواسہ ِ رسول حضرت امام حسین ، ان کے رفقا اور انصار کی یاد میں بروکلین میں واقع المہدی سینٹر سے 9 واں سالانہ مرکزی ماتمی جلوس علامہ سخاوت حسین سندرالوی کی قیادت میں برآمد ہوا۔ یومِ عاشور کے جلوس میں نوجوان، بوڑھے اور بچوں سمیت خواتین کی بھی کثیر تعداد شریک تھی۔ عزاداروں نے نواسہِ رسول امامِ عالی مقام اور شہدا کربلا کو زبر دست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جلوس میں شبیہہ علم و تابوت سمیت دیگر زیارات برآمد کی گئیں۔ عزاداروں نے خطاب کرتے ہوئے علامہ سخاوت حسین سندر الوی کا کہنا تھا کہ نواسہِ رسول امام عالی مقام حضرت امام حسین نے سخت ترین حالات میں ظالم و جابر اور باطل قوت کے خلاف قیام کیا، شہادت کو قبول کرلیا لیکن سر نہ جھکایا۔ یومِ عاشورہ کے جلوس میں مختلف مکاتبِ فکر کے افراد شریک ہوئے اور شیعہ سنی اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔جلوس کے راستوں پر کربلا کے سہ روز کے پیاسے مظلوم شہدا کی یاد میں پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں۔۔جلوس اپنے مقررہ راستوں اور فوسٹر ایونیو سے ہوتا ہوا واپس المہدی سینٹر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔