بروکلین میں غیر قانونی آتش بازی، خاتون زخمی
بروکلین(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے بروکلین میں غیر قانونی آتش بازی کے دوران ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، واقعہ گرین پوائنٹ کے نیوٹاؤن بارج پارک میں پیش آیا، جہاں عوام کی بڑی تعداد تعطیلات منانے کے لیے موجود تھی۔ متاثرہ خاتون کے مطابق، ایک شخص اور اس کے ہمراہ چند افراد نے پارک کے وسط میں کمرشل گریڈ کی آتش بازی شروع کی، جس سے ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی۔ خاتون کے سر پر ایک آتش گیر مواد آ لگا جس سے ان کے بالوں میں آگ لگ گئی، جبکہ ان کا کان بھی متاثر ہوا۔ ساتھ ہی ایک اور شخص کی قمیض بھی جل گئی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ آتش بازی انتہائی قریب سے کی گئی اور دھماکہ ان کے کان کے پاس ہوا، جس کے باعث ان کے کان کا پردہ پھٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب متاثرین نے ان افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ خاتون نے شکایت کی کہ جائے وقوعہ پر موجود تین پولیس افسران کو اطلاع دینے کے باوجود فوری کارروائی نہیں کی گئی۔ واقعے کے بعد نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔